پولیو ویکسی نیشن کی مانیٹرنگ کررہی ہوں،مریم نواز

May 02, 2024 | 19:56 PM

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ پنجاب کو پولیوفری بنانے کیلئے ویکسی نیشن کی مانیٹرنگ کررہی ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پولیو اورسائٹ بورڈ  کا اجلاس،پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مشترکہ موثر کاوشوں پر اتفاق کیاگیا۔

اجلاس کے دوران پولیو کے خلاف مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات،پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کاجائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں پنجاب میں دیگر علاقوں سے آنے والے بچوں کی ویکسی نیشن یقینی بنانے پر اتفاق  ہوا ۔پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے ڈبلیو ایچ او اور دیگر اداروں کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی  کرائی گئی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہنا تھا کہ اکتوبر2023سے اب تک پنجاب میں پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ فوری ہنگامی رسپانس کے ذریعے ہی پولیو کو ختم کیا جاسکتا ہے۔عوام کی صحت او رعلاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ دور دراز دیہات کے عوام کے لئے فیلڈ ہسپتال اور گنجان اربن ایریا کے لئے 200کلینک آن ویل پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سیفٹی او رسکیورٹی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ پولیو کے حوالے سے کمزور انڈیکٹر والے اضلاع پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ دیگر صوبوں سے آنے والے بچوں کی ویکسینیشن پر خصوصی کی ضرورت ہے۔

نمائندہ ڈبلیو ایچ او  کاکہنا تھا کہ پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مثبت رسپانس کی توقع ہے۔پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔بچوں میں پولیو سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کے لئے پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔انسداد پولیو کے لئے وزیراعظم محمد شہبازشریف کا عزم او رکاوشیں قابل تحسین ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کو مختلف اضلاع میں جاری پولیو مہم پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ  لاہور میں گزشتہ سات ماہ میں انسداد پولیو کے اہداف 85 فیصد تک حاصل کرلئے گئے ہیں۔پنجاب کے 10 اضلاع میں 29 اپریل سے انسداد پولیو مہم جاری ہے۔افغان شہریوں کی پولیو امیونائزیشن کے لئے ٹرانزٹ پوانٹس پر کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت پولیو ٹیموں کو سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ 
اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ریجنل ڈائریکٹرڈاکٹرحنان بلخی اور دیگر ماہرین نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں ۔
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید،صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، ڈاکٹر عدنان خان، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود  تھے۔

مزیدخبریں