ایک نیوز:فائرنگ واقعہ میں شہید کانسٹیبل غلام رسول کی نمازجنازہ پولیس لائنز میں ادا،جسدخاکی کو سلامی پیش کی گئی ۔
شہید کانسٹیبل غلام رسول کی نمازجنازہ میں آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور ،کمانڈر 4 کور لیفٹنٹ جنرل سید عامر رضا ہلال امتیاز ملٹری،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر سمیت دیگر افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق جوڈیشل ونگ میں تعینات کانسٹیبل غلام رسول گذشتہ رات نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوا تھا ۔
ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے شہید کانسٹیبل کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی ، پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے کانسٹیبل غلام رسول کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل کے بیٹے اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی ۔
53 سالہ کانسٹیبل غلام رسول کے پسماندگان میں اہلیہ ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں ۔
آئی جی پنجاب کاکہنا تھا کہ شہید کانسٹیبل غلام رسول کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔پنجاب پولیس کانسٹیبل غلام رسول جیسے 1600 سے زائد شہداء اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے ۔
آئی جی پنجاب کاکہنا تھا کہ شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اور غازیوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔