ایک نیوز:وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔
وزیرِ اعظم سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، وفد میں آزاد کشمیر حکومت کے وزراء کرنل (ر) وقار نور, فیصل ممتاز راٹھور، ممبر لیجسلیٹو اسمبلی چوہدری لطیف اکبر شامل تھے، ملاقات میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور صدر پیپلز پارٹی (آزاد کشمیر) چوہدری یٰسین موجود تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال , مشیر وزیراعظم براے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے.
وزیراعظم شہبازشریف نے انور الحق کو آئینی اور جمہوری عمل کے ذریعہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا عھدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی۔آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔
شہبازشریف کامزید کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 بھارت کا غیر قانونی اقدام انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے ; اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے ، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی، ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔