خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے،مریم نواز

 خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے،مریم نواز
کیپشن: The participation of women in the political process can bring a big change, Maryam Nawaz

ایک نیوز: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کاکہنا ہے کہ نوجوان اور خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے،  نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کی زیرصدارت جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پنجاب بھر میں یوتھ اور خواتین ونگز کی جاری مہم کا جائزہ لیا گی۔ اجلاس میں کیوآر کوڈ کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کی پارٹی میں شمولیت کے عمل کی پیش رفت پر غور ہوا۔

مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں نوجوانوں اور خواتین کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے عمل پراطمینان کا اظہار  کیا۔رجسٹریشن میں بھرپور شرکت پر خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔

 ن لیگ کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر کاکہنا تھا کہ  نوجوان اور خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقات ہیں، دونوں کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے۔نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے اور مستقبل کی قیادت نوجوانوں کو دیں گے۔ ہم انہیں قوم کا معمار، بااختیار بنائیں گے.

مریم نواز کاکہنا تھا کہ نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہوگا۔

  مریم نواز شریف نے تمام یوتھ کوآرڈینیٹرز کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا جبکہ لیگی رہنما عاشق حسین اور حنا پرویز بٹ کی تنظیمی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔