متروکہ وقف املاک بورڈ کا لال حویلی کو ایک مرتبہ پھر نوٹس

متروکہ وقف املاک بورڈ کا لال حویلی کو ایک مرتبہ پھر نوٹس
کیپشن: Abandoned Waqf Property Board's notice to Lal Haveli once again(file photo)

ایک نیوز: متروکہ وقف املاک بورڑ نے لال حویلی کو ایک مرتبہ پھر نوٹسز جاری کرتے ہوئے شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق کو 4 مئی کو وقف املاک بورڈ لاہور پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک راولپنڈی نے لال حویلی کی مستقل ٹرانسفر ڈیڈ کا کیس بناکر چیئرمین کو بھیجا ہے۔ یاد رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڑ نے 30 جنوری کو لال حویلی کے سات یونٹ سیل کردیے تھے۔ لاہور ہائی کورٹ پنڈی بنچ نے متروکہ وقف املاک کو پندرہ دن کے اندر لال حویلی کے تنازعہ کو حل کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے شیخ رشید کی دائر کردہ اپیل پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وقف املاک راولپنڈی کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے لال حویلی کے خلاف ریفرنس چیئرمین بورڈ کو بھجوا دیا۔ چیئرمین وقف املاک بورڈ لاہور نے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو پیش ہونے کے دو نوٹسز جاری کردیے۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کے مطابق لال حویلی کے تین یونٹس ڈی 156، ڈی 157 اور ڈی 158 کی مستقل ٹرانسفر ڈیڈ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق پیش نہیں کرسکے۔