ایک نیوز:ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کیلئے دنیا کے دیگر ممالک میں رہنے والے ترک شہریوں کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا۔اردوان یا کوئی اور؟ 30 لاکھ اوورسیز ترک شہریوں نے ووٹ ڈالنا شروع کردیئے ۔
ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات 14 مئی کو ہوں گے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں اوورسیز ترک شہری صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔
ترک شہری دنیا بھر میں ترک سفارتخانوں اور دیگر مقامات پر قائم پولنگ اسٹیشنوں پر 7 مئی تک اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
ترک میڈیا کے مطابق فن لینڈ، سوئیڈن سمیت کئی ممالک میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے اور ہزاروں ترکوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرلیا ہے۔
فن لینڈ میں آج پولنگ کا عمل شروع ہوا اور وہاں رجسٹر ووٹرز کی تعداد 6791 ہے جبکہ سوئیڈن میں 42 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔دونوں ممالک میں ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور وہاں مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے تک ووٹ کاسٹ کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ قطر اور لبنان میں بھی ووٹ کا عمل 30 اپریل سے جاری ہے اور تقریباً ان ممالک میں 18 ہزار ترک حق رائے استعمال کریں گے۔جرمنی، امریکا اور ناروے سمیت کئی ممالک میں پولنگ شروع ہوچکی ہے اور جرمنی میں ترکوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد ترک ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 2 لاکھ 78 ہزار افراد پہلی بار اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ترک صدارتی انتخابات میں 4 امیدوار میدان میں ہیں جن میں صدر رجب طیب اردوان، کمال، 6 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار کمال قلیچ داراوغلو، سنان اوغان اور محرم انجے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ترک پارلیمنٹ کی 600 نشستوں کیلئے 24 سیاسی جماعتیں اور 151 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔