ایک نیوز:سعودی عرب سے افسوسناک خبر آئی ہے جہاں پر ٹریفک حادثے میں 6 بھائی خالق حقیقی سے جا ملے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں طائف اور الباحہ گورنریوں کوملانے والی شاہراہ عام پر المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے تمام حقیقی بھائی ہیں۔ حادثہ دو گاڑیوں کے ٹکرانے سے ہوا۔حادثے میں والدین اور دیگر 3 بہن بھائیوں کو تشویشناک حالت میں انتہائی نگہداشت میں منتقل کر دیا گیا۔ دوسری گاڑی کا ڈرائیور جس کی عمر ساٹھ سال کے لگ بھگ ہے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ حادثے میں ایک چار سالہ بچی معجزانہ طورپر مکمل طورپر محفوظ رہی۔
محمد سالم الغامدی نے بتایا کہ میرے اہل خانہ کی مدینہ سے الباحہ واپسی کے دوران اور الباحہ اور طائف کو ملانے والی سڑک پر پہنچنے پر ایک دردناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں اس کے 6 بھائی چل بسے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے بھائیوں میں سب سے بڑے کی عمر 17 سال اور سب سے چھوٹے کی اڑھائی سال بتائی جاتی ہے۔ ان کی شناخت ریم، سالم، محمد ، سعود یحییٰ اور حمدان کےناموں سے کی گئی ہے۔ ۔
الغامدی نے بتایا کہ ان کے والد، والدہ، دو بیٹیاں ریناد اور منیرہ اور ایک بیٹے سلطان کو طائف کے شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال، کنگ عبدالعزیز سپیشلسٹ ہسپتال اور طائف کے پرنس سلطان ہسپتال میں انتہائی نگہداشت میں منتقل کر دیا گیا ہے۔والد کو فوری طبی امداد دینے کے بعد انتہائی نگہداشت سے فارغ کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے خاندان کے 6 افراد کو طائف میں سپرد خاک کردیا گیا۔