حریت پسند رہنما مشتاق احمد زرگرکی جائیداد ضبط

 حریت پسند رہنما مشتاق احمد زرگرکی جائیداد ضبط
کیپشن: حریت پسند رہنما مشتاق احمد زرگرکی جائیداد ضبط

ایک نیوز :مقبوضہ کشمیر کے علاقے سرینگر میں معروف حریت پسند رہنما مشتاق احمد زرگرکی جائیداد ضبط کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے غیر قانونی طور پر  مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے سرینگر میں ممتاز آزادی پسند رہنما مشتاق احمد زرگرکی جائیداد ضبط کر لی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق جمعرات کی علی الصبح سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں واقع مشتاق زرگرکی جائیداد کو ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درج مقدمے کے تحت ضبط کیا گیا۔جائیداد ضبط کرنے کے احکامات بھارتی وزارت داخلہ نے جاری کئے ہیں۔ اس موقع پر مکان پر ’نوٹس آف اٹیچمنٹ‘ بھی لگا دی گئی۔
مشتاق زرگر مجاہد تنظیم العمر مجاہدین کے بانی اور چیف کمانڈر ہیں اور وہ برسوں سے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے آوازبلند کر رہے ہیں ۔

ادھر مقامی لوگوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضبط کیاگیا مکان مشتاق زرگر کا نہیں بلکہ ان کے والد اور بہنوں کی ملکیت ہے جوکئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔