رائل عمانی بحریہ کے کمانڈر کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

Mar 02, 2023 | 16:03 PM

ایک نیوز: رائل عمانی بحریہ کےکمانڈر ریئرایڈمرل سیف بن نصیر بن محسن الراہبی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔ جہاں امیرالبحر نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر رائل عمانی بحریہ رئیر ایڈمرل سیف بن نصیر بن محسن الراہبی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ سربراہ پاک بحریہ نے حال ہی میں ہونیوالی امن مشق میں شرکت پر عمانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمانڈر رائل عمانی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

مزیدخبریں