آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی کو شکست، ن لیگ نے میدان مار لیا

Mar 02, 2023 | 15:31 PM

ایک نیوز: آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا، ن لیگ نے میدان مارلیا۔ دارالحکومت مظفرآباد میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو شکست ہوگئی۔ اپوزیشن اتحاد میئر اور ڈپٹی میئر کی نشست لے اڑا۔

تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر میں 278 یونین کونسلز 14 میونسپل کمیٹیز 12 ٹاؤن کمیٹیز اور 10 ضلع کونسلز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی۔ آزادکشمیر میں 5 میونسپل کارپوریشنز کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق باغ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور مظفرآباد کی میونسپل کارپوریشنز کے میئر اور ڈپٹی میئر میں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن کے سکندر گیلانی 28 ووٹ لے کر مظفرآباد کے میئر منتخب ہوگئے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے خالد اعوان 28 ووٹ لیکر ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدوار صرف 18 ووٹ ہی حاصل کرسکے۔ 

ضلع کونسل مظفرآباد کی چیئرمین شپ پاکستان تحریک انصاف لے اڑی جبکہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سردار امتیاز عباسی 24  ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ڈی ایم کے ادریس مغل 23 ووٹ لے سکے۔ مظفرآباد میں وائس چیئرمین کی نشست پر مسلم لیگ ن کے ناصر لطیف ایک ووٹ سے کامیاب ہوگئے۔ 

مزیدخبریں