نگران وزیراعلیٰ کی تبلیغی مرکز رائیونڈ آمد، مذہبی اکابرین سے ملاقات

Mar 02, 2023 | 12:06 PM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عالمی تبلیغی مرکزرائیونڈ کا دورہ کیا ہے۔ جہاں انہوں نے تبلیغی جماعت کے علماء کرام مولانا احمد لاٹ، مولانا فاروق اور دیگر اکابرین سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دین اسلام کی تبلیغ کے لئے سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے دین کو پھیلانے والے دین اوردنیا دونوں کما رہے ہیں۔ 

مولانا احمد لاٹ اور مولانا فاروق نے عالم اسلام کے اتحاد، دین اسلام کی سر بلندی، امن اور استحکام کیلئے دعا کی۔ 

عالمی تبلیغی مرکز میں مسجد نبوی کے ماڈل پر 10 لاکھ نمازیوں کے لئے مسجد تعمیر کرنے کی تجویز وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی۔ جس پر محسن نقوی کی جانب سے مسجد کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔  

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالٰی بھی نیک کام میں برکت ڈالتے ہیں۔ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم سے اس تجویز پر ابتدائی بات ہوئی ہے۔ انشاءاللہ یہ نیک کام آگے بڑھے گا۔ 

اس موقع پر مسجد کی تعمیر کے لیے نیت کرنے پر خصوصی دعا کی گئی۔ عالمی تبلیغی جماعت کے ڈاکٹر ندیم اشرف، امتیاز غنی، انوار غنی، میاں احسن۔ صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر ۔ گوہر اعجاز۔ کمشنر لاہورڈویژن اور دیگر اکابرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں