ڈالر کی لمبی چھلانگ، ایک ہی روز میں تقریباً 19 روپے مہنگا

ڈالر کی لمبی چھلانگ، ایک ہی روز میں تقریباً 19 روپے مہنگا

ایک نیوز: ڈالر کا ایک بار پھر روپے کو دھوبی پٹکا ، ایک ہی روز میں تقریباً 19 روپے کی بڑی چھلانگ سے  پاکستانی کرنسی کی کمر ٹوٹ گئی۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز   امریکی کرنسی کی قدر میں غیرمعمولی اضافے نے ملکی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ کاروباری دن میں  انٹربینک میں ڈالر 19 روپے 89 پیسے تنگ مہنگا ہوا، تاہم کاروبار کے اختتام پر 18 روپے 98 پیسے  کا تاریخی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ جس کے بعد ایک ڈالر  285 روپے 9 پیسے کا ہوگیا۔ 

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں  17 روپے کے اضافے سے ڈالر291 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

دوسری جانب چیئرمین فاریکس ملک بوستان کا کہنا ہے کہ  آئی ایم ایف کی جانب سے افغانستان پاکستان بارڈر پر ڈالر کے ریٹ کو انٹر بینک ریٹ قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے  حکومت کو اس خبر کی تصدیق یا تردید کرنی چاہئے ۔ 

انہوں نے کہا  اگر ہم افغانستان کی معشیت کے حساب سے چلیں گے تو ملک کا برا حال ہوگا۔  مختلف بینکس کی جانب سے کنٹینرز کے حوالے سے ڈالر ریلیز کئے گئے ہیں۔  حج کا سیزن قریب آنے  کی وجہ سے بھی ڈالر مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔  تاجر خود سے ڈالر حاصل کر کے کینٹنیرز سے سامان لے رہے ہیں۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کو کہیں کا نہیں چھوڑا۔ حکومت ہر حال میں آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر 4 روپے 61 پیسے مہنگا  ہوگیا تھا۔ جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر کی نئی قیمت 266 روپے 11پیسے ہوگئی تھی۔