چیئرمین نیپرا کا بجلی صارفین پر اضافی سرچارج کی منظوری دینے سے انکار

Mar 02, 2023 | 11:04 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی صارفین پر اضافی سرچارج لگانے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں بجلی صارفین پر اضافی سرچارج لگانے کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں نیپرا حکام نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مارچ سے جون تک 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا اضافی سرچارج مانگا ہے، یہ سرچارج پاورڈویژن کی ذیلی کمپنی پی ایچ پی ایل کے قرضے کی ادائیگی کے لیے مانگا گیا ہے، یہ قرضہ اس وقت 800 ارب روپے ہے۔

دورانِ سماعت نیپرا کے پی حکام نے سوال کیا کہ کیا نیپرا نے یہ 3روپے 39پیسےکے سرچارج کا تعین کرنا ہے، اس پر چیئرمین نیپرا نے پاور ڈویژن کے حکام سے کہا کہ یہ سرچارج ہمارے پاس کیوں لائے ہیں،کیا ہم اس سرچارج کو روک سکتے ہیں،اس پر پاور ڈویژن کے حکام نے جواب دیا کہ آپ روک دیں۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ اگر تو نیپرا نے اس سرچارج کی منظوری دینی ہے تو پھر مجھے اس پر تحفظات ہیں، یہ سرچارج تو انہی پر لگے گاجو بل دیتے ہیں،بجلی چوری رکی نہیں، یہ سرچارج لگانا تو وفاقی حکومت کا کام ہے، خبریں یہ لگنی ہیں کہ نیپرا نے سرچارج کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر آئندہ مالی سال کے دوران بجلی صارفین پر اضافی سرچارج لگانے کی منظوری دی ہے جس کے تحت  اضافی سرچارج ایک روپے 55 پیسے سے لے کر 4 روپے 45 پیسے فی یونٹ تک عائد ہوگا اور اضافی سرچارج کا اطلاق ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان پر بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے شدید دباؤ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے اسٹاف لیول معاہدے کیلئے پاکستان پر مزید 4 شرائط کا دباؤ ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بجلی 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنا ہوگی۔

یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ بجلی پر سرچارج 4 ماہ کے بجائے مستقل بنیادوں پر عائد کرنا ہوگا۔

دوسری جانب دستاویز کے مطابق کے الیکٹرک کے بجلی کے ریٹ دو طرح سے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صارفین کے لیے یکساں ٹیرف کا اطلاق کیا جائے گا۔یکساں ٹیرف کے نفاذ سے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی اوسط 3.21 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔

کے الیکٹرک کے 100 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی 1.4 روپے فی یونٹ اور 700 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی 3.2 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی جب کہ کے الیکٹرک کے عارضی رہائشی صارفین کے لیے بجلی 4.45 اور صنعتی صارفین کے لیے 4.45 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔

کے الیکٹرک صارفین کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر بھی بجلی کے ریٹ 1.55 روپے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کے الیکٹرک کے صارفین کے جولائی 2022 سے ستمبر 2022 تک اور مارچ 2023 سے مئی 2023 تک سہ ماہی ریٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک کے 100 یونٹس والے صارفین کے لیے بجلی سہ ماہی بنیاد پر 1.55 روپے  اور صنعتی صارفین کے لیے سہ ماہی ٹیرف میں بھی 1.55 روپے اضافہ ہوگا۔

مزیدخبریں