گجرات: لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 2 انسانی سمگلرز گرفتار

گجرات: لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 2 انسانی سمگلرز گرفتار

ایک نیوز: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) گجرات نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے گجرات نے لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان منیب الرحمان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نامزد 6 ملزمان میں سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے غلام سرور وڑائچ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں راجا راحیل اور سفیان شامل ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کا تعلق گجرات سے ہے اور انہیں کھاریاں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقدمے میں نامزد دو انسانی سمگلرز حمزہ اور آفاق لیبیا میں مقیم ہیں۔افسوسناک واقعہ سے پہلے ملزمان لیبیا کشتی حادثے کا شکار افراد کے لواحقین سے پیسے وصول کرتے تھے۔ملزمان وصول کئے گئے پیسے گینگ کے سرغنہ کو ٹرانسفر کرتے تھے۔ملزمان پیسے وصول ہونے کے بعد اگلی منزل کا تعین کرتے تھے۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے  جدید وسائل کو بروئے کار لایا  گیا۔ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نے بھی گزشتہ روز نوٹس لیتے ہوئے انسانی سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ محکمہ خارجہ پاکستان کے مطابق گزشتہ دنوں اٹلی کے بعد لیبیا میں بھی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 3 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔