پنجاب حکومت کی ’سے نو ٹو پلاسٹک‘ مہم کا 5 جون سے آغاز

Jun 02, 2024 | 13:47 PM

ایک نیوز:وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پلاسٹک سے پیداہونے والی مہلک بیماریوں سے تحفظ کیلئے 5جون سے ’سے نو ٹو پلاسٹک ‘مہم کا آغاز  ہوگا۔  

تفصیلات کے مطابق  ’’سے نو ٹو پلاسٹک ‘‘مہم کے تناظر میں 5جون سے غیر قانونی پلاسٹک بیگ کی تیاری، پروڈیکشن،تریسل اورخریدوفروخت پر پابندی کے لیے میکانزم پرسختی سے عملدرآمد کے لیے تیاری مکمل کرلی گئی۔  

 وزیراعلی ٰ مریم نواز شریف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پلاسٹک کا استعمال کینسر اور دیگرمہلک بیماریوں کا موجب  اور   ماحولیاتی آلودگی کو بڑھارہا ہے،5 جون سے پلاسٹک کی غیرقانونی مصنوعات بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا  آغاز کیا  جائے  گا،اس سے قبل بارہا نوٹسز ارسال کیے جاچکے ہیں۔

 مقررہ  ڈیڈ لائن کے بعد ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اوردیگرفوڈ پوائنٹس پر گاہکوں کوپلاسٹک بیگ میں کھانا دینے پر سخت پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن ہوگا،مالکان کے خلاف قانونی کارروائی اوربھاری جرمانے ہوں گے۔

قانون کے مطابق 75 مائیکرون سے کم حجم کے پولیتھین بیگز کے استعمال اورسنگل یوز پلاسٹک کے برتنوں پر مکمل پابندی  ہے  ، پلاسٹک کے عدم استعمال پرعوام کے لیے ’پلاسٹک موت ہے‘ کے موضوع پرآگاہی مہم کا آغاز کیا جائیگا ۔ 

انہوں نے کہا کہ پبلک سروس میسجز سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل  کیے   جائیں  گے، شاپنگ مالز،دفاتر بس سٹینڈز،پارکس، ٹرانسپورٹس،میٹرو بسز اور عوامی  مقامات  پر پلاسٹک کی پابندی کے حوالے سے تحریری پیغامات چسپاں کیے جائیں گے۔

پلاسٹک بیگز   کی جگہ  کاٹن بیگز یامتبادل ذرائع کی تیاری، پروڈیکشن ،خریدوفروخت اوراستعمال کو فروغ دیا جائے گا، میڈیا کو ’پلاسٹک موت ہے‘ کی آگاہی مہم میں اپنا حصہ ڈالنے کی درخواست  کی گئی ہے۔   

مزیدخبریں