ایک نیوز: آئی ٹی سیکٹر پاکستان میں تیزی سے ترقی کرنے والی صنعتوں میں سے ایک ہے، جو ملکی معیشت کیلئے گیم چینجر کے طور پر اپنی حقیقی صلاحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا اہم بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق، پاکستان کی آئی ٹی کمپنیاں ایکسپورٹ کے ذریعے جی سی سی میں اور خاص طور پر سعودی عرب میں ایس آئی ایف سی (SIFC) کے پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری کی وجہ سے اپنا مقام بنا رہی ہیں۔
رواں سال سعودی عرب کو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اپریل کے مہینے میں 310 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک اہم سنگ میل ہے اور ایک ماہ میں ریکارڈ کی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔
آئی ٹی کاشعبہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ بننے کے سفر پر ہے اور پاکستان کی سعودی عرب کو مسلسل برآمدات کی بدولت گزشتہ دو سالوں میں آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 100 ملین ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
مزید برآں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، آئی ٹی کی برآمدات میں سال بہ سال 62 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کی وصولیوں میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 1 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رواں مالی سال کے جولائی سے اپریل تک آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات نے 2.59 بلین ڈالر کی تاریخی بلندی حاصل کی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 21 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری دوست پالیسی اقدامات کے ذریعے گزشتہ سال آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان اقدامات سے پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے بہتر ماحولیاتی نظام پر آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرزکے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔