ایک نیوز : پاکستان میں ایل نینو کی وجہ سے مون سون سیزن خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے جس سے ایشیا بھر میں فصلوں کی پیداوار کو خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ ایل نینو ایسا موسمیاتی رجحان ہے جس سے بحرالکاہل کے پانی کی سطح معمول سے زیادہ گرم ہو جاتی ہے اور زمین کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق زیادہ تر شہروں میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی، تاہم شمالی علاقہ جات میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ مغربی بلوچستان بشمول ساحلی پٹی میں معمول کے مطابق بارشوں کی توقع ہے۔
مزید بتایا گیا کہ معمول سے کم بارشوں کی توقع اور درجہ حرارت میں اضافے کے نتیجے میں بتدریج مٹی میں نمی کم ہوگی، جس کے بعد خاص طور پر ملک کے جنوبی حصے میں خریف اور سبزیوں کی فصل کے لیے زیادہ پانی کی ضرورت پڑے گی۔