شیخ رشید کی رہائشگاہ پر چھاپہ، آئی جی اسلام آباد سے جواب طلب

Jun 02, 2023 | 16:18 PM

ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ پر پولیس کے غیر قانونی چھاپے کے کیس میں آئی جی اسلام آبادو دیگر سے جواب طلب کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شیخ رشید کے اسلام آباد کی رہائش گاہ پر پولیس کے غیر قانونی چھاپہ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ 

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ شیخ رشید کے وکیل  نے دوران سماعت کہا کہ 31مئی کی رات 3بجے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئے اور گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور اہلکاروں کی جانب سے ملازمین کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ 

شیخ رشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس شیخ رشید کی دو بلٹ پروف گاڑیاں، لائسنسی گن اور دیگر قیمتی اشیا بھی چوری کرکے لے گئی۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ 

عدالت نے درخواست پر آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔

مزیدخبریں