9مئی کا ماسٹر مائنڈ تحریک انصاف کا سربراہ ہے، مریم اورنگزیب

9مئی کا ماسٹر مائنڈ تحریک انصاف کا سربراہ ہے، مریم اورنگزیب
کیپشن: The mastermind of May 9 is Tehreek-e-Insaf chief, Maryam Aurangzeb

ایک نیوز: مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ وہی شخص ہے جس نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے منصوبہ بندی کی اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرکے ریڈ لائن کراس کی۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ تحریک انصاف کا سربراہ ہے۔ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کی اور ریڈ لائن کو کراس کیا۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ نوازشریف جلد واپس آرہے ہیں کیونکہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے نوازشریف کی ضرورت ہے۔ نواز شریف نے ماضی میں بھی سیاسی استحکام قائم کیا، معیشت کو بہتر کیا۔ 

انہوں ںے بتایا کہ تحریک انصاف چھوڑنے والوں کے لئے (ن) لیگ میں جگہ کم ہے۔ (ن) لیگ کا بیانیہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا اور ملکی معیشت کو بحال کرنا ہے۔ وزیراعظم کی عوامی خدمات کا اعتراف چینی حکومت اور وزیرخارجہ بھی کررہے ہیں۔ وزیراعظم نوجوانوں کو روزگار اور عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ 

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ہرممکن طریقے سے غریبوں کو ریلیف دیا جائے گا۔ مغربی ممالک ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کے حق میں بات کر رہے ہیں ایسا تاثر درست نہیں ہے۔ وہ شخص فارن فنڈنگ کیس ، توشہ خانہ کیس اور ٹیریان جیسے مضبوط کیسوں سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا تھا۔

وزیراطلاعات ونشریات نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے قریبی دوست نعیم الحق کے جنازے میں بھی شرکت نہیں کی۔ جہانگیر ترین ، علیم خان اور تنویر الیاس اس شخص کی اے ٹی ایمز تھے۔ اس شخص نے ن لیگ کی قیادت کو جھوٹے مقدمات میں جیل بھجوایا۔