ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہتری کے لئے پلان طلب کر لیا۔ سیکرٹری صحت کوہیلتھ کیئرسروسز کی فراہمی کے لئے 7روز کے اندر پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اور تعمیر ومرمت کاجامع پلان بنایا جائے گا۔ خدمات کی بہتری کے لئے ہسپتالوں کوپرانی عمارتوں سے نئی بلڈنگز میں منتقل کیاجائے گا۔ بڑے ہسپتالوں میں بائیومیڈیکل مشینیں، طبی آلات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں بڑے ہسپتالوں کے لئے ہیلتھ کونسلز کے قیام کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے 7بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں 60بنیادی سٹینڈرڈ میڈیسن فراہم کی جائیں گی۔ تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں 25ضروری میڈیسن فراہم کی جائیں گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہیلتھ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔