پاکستان کا ہمسایہ ممالک سے بارٹر ٹریڈ کا اصولی فیصلہ

Jun 02, 2023 | 12:32 PM

ایک نیوز: پاکستان نے معاشی حالت کی بہتری کیلئے ہمسایہ ممالک سے چیز کے بدلے چیز (بارٹر ٹریڈ) کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت روس، ایران اور افغانستان سے بارٹر ٹریڈ کی جائے گی اور اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان روس  اور ایران سے کوئلہ، ایل پی جی ، ایل این جی اور پٹرول منگوا سکے گا۔ بارٹر ٹریڈ کے حوالے سے ایس آر او جاری کر دیا گیا ہے۔ جس کے تحت بارٹر ٹریڈ آن لائن بی ٹی ماڈل کے ذریعے ریگولیٹ ہوگی۔ تاجروں کو بارٹر ٹریڈ کے تحت امپورٹ ایکسپورٹ کےلئے پی ایس ڈبلیو کا ایک سنگل ڈیکلریشن دینا ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹیکسز اورڈیوٹیاں عام تجارت کی طرح لاگو ہوں گی۔ پاکستان دودھ، کریم، انڈے اور سیرل ایکسپورٹ کر سکے گا۔ پاکستان چھوٹا گوشت، مچھلی، فروٹ، سبزیاں، چاول، بیکری آئٹمز، نمک اور ادویات بھجوا سکے گا۔ اس کے علاوہ پرفیومز، کاسمیٹکس، صابن، ویکسز، کیمیکلز ، پلاسٹک اور ربڑ کا سامان، لیدر آئٹمز اور لکڑی بھجوائی جاسکے گی۔ پاکستان ریڈی میٹ آئٹمز، موٹر سائیکل، ٹریکٹر، سرجیکل آلات، فرنیچر اور کھیلوں کا سامان بھی بھجوا سکے گا۔ 

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان سے فروٹس، نٹس، سبزیاں، دالیں، مصالحے، آئل، کوئلہ، معدنیات، ربڑ کا خام مال، کاٹن، لوہا اور سٹیل منگوا سکے گا۔ ایران سے فروٹس، نٹس، سبزیاں، مصالحہ جات، معدنیات، کوئلہ، ایل این جی ، کھاد ، کروڈ آئل اور ایل پی جی منگوا سکے گا۔ اس کے علاوہ ایران سے لوہا، اسٹیل، وول، پلاسٹک اور ربڑ منگوایا جاسکے گا۔ 

دوسری جانب روس سے دالیں، گندم، کھاد، کوئلہ، پٹرولیم مصنوعات، ایل این جی منگوائی  جاسکے گی۔ ایل پی جی ، معدنیات، دھاتیں، کیمیکل مصنوعات، لوہا، سٹیل بھی منگوایا جاسکے گا۔

مزیدخبریں