کراچی: سماجی رہنما جبران ناصر کے لاپتا ہونے کا مقدمہ درج

کراچی: سماجی رہنما جبران ناصر کے لاپتا ہونے کا مقدمہ درج
کیپشن: جبران ناصر کی گمشدگی کیخلاف اہلیہ نےمقدمےکیلئےدرخواست جمع کرا دی

ایک نیوز:کراچی میں سماجی رہنما جبران ناصر کے لاپتا ہونے کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں اہلیہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ جبران ناصر کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کیاگیا، جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ رات شوہرکیساتھ ڈنرکرکےگاڑی میں واپس آرہی تھی کہ مسلح افراد جبران ناصر کو گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔

منشاپاشا کے مطابق ڈیفنس فیزفائیو،26اسٹریٹ پر گاڑی نے رکنے پرمجبور کیا، مسلح افراد میرے شوہر کو نامعلوم مقام پر لے گئے۔ میرے شوہر کا تاحال کچھ پتہ نہیں وہ کہاں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں معروف وکیل اور سماجی کارکن جبران ناصر کو نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے ہیں۔

جبران ناصر کی اہلیہ اداکارہ منشا پاشا کا جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ کچھ لوگ ان کے شوہر جبران ناصر کو زبردستی اٹھا کر لے گئے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جبران ناصر کی گمشدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو جبران ناصر کی جلد بازیابی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب جبران ناصر ایڈووکیٹ کے مبینہ اغوا کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے جبران ناصر کےمبینہ اغوا کی شدید مذمت کی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جبران ناصر کو انکی اہلیہ کی موجودگی میں مسلح افراد نے اغوا کیا،یہ اقدام قانون کی بالادستی کی راہ میں رکاوٹ سمجھا جارہا ہے،سندھ ہائیکورٹ بار پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے،ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے جبران ناصر کو بحفاظت بازیاب کروایا جائے،قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں  بشمول وکلا کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

جونئیر وکیل نے جبران ناصر کی گمشدگی کے معاملے پر عدالت کو آگاہ کردیا،نعیمہ قمر ایڈووکیٹ  نے کہا کہ جبران ناصر ایڈووکیٹ کو گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد زبردستی ساتھ لے گئے ہیں،جبران ناصر ایڈووکیٹ کا تاحال کچھ نہیں معلوم کہاں لے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جبران ناصر کو ماہم امجد کے والد کے مبینہ قاتل کو دبئی سے پاکستان منتقل کرنے سے متعلق کیس میں آج عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا۔