اسلام آباد ہائیکورٹ نے 144 ملین روپے قومی خزانے کےحوالےکردیئے

Jun 02, 2023 | 09:44 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے رواں مالی سال کے بجٹ سے 144ملین روپے وزارت خزانہ کے حوالے کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کا رواں مالی سال کے لیے 1.1 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا۔ 30 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 144ملین روپے وزارت خزانہ کے حوالے کر دیئے۔

مذکورہ رقم کے حوالے کرنے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کا نظرثانی شدہ بجٹ 966 ملین روپے ہے۔ حال ہی میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بجٹ میں کٹوتی کریں اور عوامی مفاد میں اور قومی مقصد کے طور پر بچت کو قومی خزانے کے حوالے کردیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ کسی بھی ملازم کو کوئی اعزازیہ نہیں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پچھلے سال بھی جون میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے مالی سال 2021-22 کے لیے مختص کل بجٹ کا 30 فیصد قومی خزانے کے حوالے کر دیا تھا۔ اس سال فروری میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کیا تھا جس میں تمام سرکاری اداروں کے بجٹ میں کٹوتیاں، کابینہ کے ارکان، ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری ملازمین کی بعض مراعات اور سہولیات بشمول لگژری گاڑیاں اور سیکورٹی/ پروٹوکول شامل تھے۔

مزیدخبریں