ایلون مسک پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

Jun 02, 2023 | 00:34 AM

ایک نیوز :ٹیسلا اور اسپیکس جیسی کمپنیوں کے بانی ایلون مسک برنارڈ آرناولٹ کو پیچھے چھوڑ تے ہوئے ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسلا، اسپیکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے، اس سے قبل لگژری مصنوعات بنانے والے گروپ ایل وی ایم ایچ لوئی وٹان موئت ہینیسے کے چیف ایگزیکٹو برنارڈ آرناولٹ دنیا کے امیر ترین شخص تھے۔
رپورٹ کے مطابق برنارڈ آرناولٹ کی دولت میں اسٹاک نیچے آنے کے باعث کمی آئی تھی، ایلون مسک کی دولت ایک کھرب 92 ارب ڈالر جبکہ برنارڈ آرناولٹ کی دولت کا حجم ایک کھرب 87 ارب ڈالر ہے، دونوں کی دولت میں اب صرف 5 ارب ڈالر کا فرق ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ایلون مسک اپنی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کے شیئرز گرنے کے باعث دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے تھے اور ان کی جگہ برنارڈ آرناولٹ نے لے لی تھی۔ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ایلون مسک کی دولت میں 55 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، اس کی اہم وجہ ٹیسلا کے شئیرز کی قیمت میں 66 فیصد اضافہ ہے۔

مزیدخبریں