جوہی چاولہ بھارت میں فائیو جی ٹیکنالوجی روکنے کیلئے ہائیکورٹ پہنچ گئیں

Jun 02, 2021 | 16:28 PM

admin
ممبئی : بھارت میں فائیو جی ٹیکنالوجی استعمال کے خلاف معروف بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔انہوں نے 5 جی ٹیکنالوجی کو روکنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی۔

ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اداکارہ جوہی چاولہ نے کہا کہ 5 جی نیٹ ورک انسانوں اور زمین کے ماحولیاتی نظام کو شدید اور ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا۔انہوں نے کہا کہ5 جی کی تابکاری نہ صرف انسانی آبادی کو متاثر کرے گی بلکہ جانوروں اور پودوں کو بھی نقصان پہنچائے گی۔

دوسری جانب ہندوستانی وزارت مواصلات کا کہنا ہے کہ انسانوں ، پرندوں اور درختوں پر ٹو جی، تھری جی، فور جی اور فائیو جی ٹیکنالوجیز کے اثرات پر اب تک کوئی تحقیق سامنے نہیں آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ ان چند فنکاروں میں سے ایک ہیں جو ماحول دوست اقدامات پر زور دیتے ہیں۔ جس میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا بھی شامل ہے۔ تاہم اداکارہ اپنے ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوش نہیں ہیں۔

ایک انٹرویو میں اداکارہ جوہی چاولہ نے کہا کہ وہ بھارت کی ترقی یا ملک میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے خلاف نہیں لیکن کچھ تحفظات ضرور ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری اپنی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ وائرلیس گیجٹ اور نیٹ ورک سیل ٹاورز سے نکلنے والی بڑی مقدار میں تابکار ریڈیشن نہ صرف انسانی صحت کو متاثر کرے گی بلکہ لوگوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑسکتی ہیں۔


مزیدخبریں