دورانِ عدت نکاح کیس :اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی 

Jul 02, 2024 | 11:47 AM

ایک نیوز:اسلام آبادکی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دورانِ عدت نکاح کیس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان اور بشری بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی،بانی پی ٹی آئی کے وکلاء سلمان اکرم راجہ خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میں آج جزوی دلائل دوں گا، باقی کل کے لیے کیس رکھ لیں، سپریم کورٹ میں آج مخصوص نشستوں کا کیس ہے، سزا معطلی کی درخواست پر آرڈر دیکھا ہے، میرے کچھ پوائنٹ فیصلے میں تحریر نہیں۔
جج افضل مجوکا نے سلمان اکرم راجہ سے کہا کہ آپ کے پاس پورا ٹائم ہے، آج اور کل بھی ہے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بدنیتی اور فراڈ میں جو چیز مشترکہ ہے وہ ارادہ ہوتا ہے۔
جج افضل مجوکا نے سوال کیا کہ اگر رجوع کا حق تھا تو وہ ایک سول معاملہ ہے، اس کا کرمنل سے کیا تعلق؟، عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ میں رجوع کر لیتا، اگر فراڈ ہوا تھا تو اسی وقت عدالت جاتے اور کہتے کہ میں نے رجوع کرنا تھا، ایک دن نکاح ہوا، دوسرے دن خاور مانیکا کو پتہ چل گیا لیکن وہ خاموش رہے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل 11 بجے تک ملتوی کر دی۔    

مزیدخبریں