ایک نیوز:طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ قربانی کا گوشت 20 دنوں سے زیادہ فریج اور فریزر کی زینت نہ بنائیں۔ فریج کھولنے سے بھی گوشت کی تازگی اور غذائیت متاثر ہوتی ہے جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ویسے تو گوشت کو فریزر میں6 ماہ تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے تاہم تین ماہ بعد ہی اس کے تمام فوائداور غذائیت ختم ہوجاتی ہے۔ اگر فریزر میں رکھے گوشت کو 2،3 ہفتے کے اندر استعمال کر لیا جائے تو وہ تازہ گوشت کی طرح فائدے مند ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ زیادہ عرصے فریز کرنے سے گوشت میں سے پروٹین اور دیگر وٹامنز وغیرہ ختم ہو جاتے ہیں، اکثرگھروں میں فریج میں گوشت کو محفوظ رکھنے کیلئے اخبار کا استعمال کیا جاتا ہے، جس سے اخبار کی سیاہی گوشت پر آجاتی ہے۔ لہٰذا ایسا کرنے سے پرہیز کر یں اور فریز میں گوشت محفوظ کرنے کیلئے سفید شاپنگ بیگ استعمال کریں۔
طبی ماہرین باربی کیو سے بھی ہاتھ روکنے کی تلقین کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ باربی کیو کا گوشت مکمل نہیں پکتا اس لئے جلد ہضم نہیں ہوتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت کے پکوانوں میں مصالحوں کا زیادہ استعمال دل اور بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے نقصان دہ ہے۔
طبی ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ عید کے ایام میں گھر میں تیار کھانوں سے لطف اُٹھائیں، گوشت کھائیں لیکن اعتدال کے ساتھ کیوں کہ بسیارخوری اور مرغن اور چٹخارے دار پکوان آپ کی عید کا مزا کرکرا کر سکتے ہیں۔