دعا زہرا کاکراچی میں دوبارہ میڈیکل،والدین بھی طلب

دعا زہرا کاکراچی میں دوبارہ میڈیکل،والدین بھی طلب
ایک نیوز نیوز: عدالتی احکامات پردعا زہرا کو 10 رکنی میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں دعا زہرا کے ایکسرے اور مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق خصوصی ٹیم دعا زہرا کو لے کر لاہور سے کراچی پہنچی جہاں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے دعا کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے کراچی سے لاپتا ہوکر پنجاب میں پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کو عمر کے تعین کے لئے 10 رکنی میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا جہاں دعا کے ایکسرے اور مختلف ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد پولیس دعا کو لے کر ڈاؤ ڈینٹل ہسپتال روانہ ہوگئی جہاں لڑکی کے دانتوں کا معائنہ کیا جائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈینٹل اسپتال سے دعا زہرا کو دوبارہ سروسز اسپتال لایا جائے گا،دعا زہرا کے ٹیسٹ کی رپورٹس تین سے چار روز میں آئیں گی۔
میڈیکل بورڈ نے دعا کی والدہ کو طلب کیا جس پر وہ بورڈ کے سامنے پیش ہوگئیں جہاں بورڈ ارکان نے ان سے دعا کی زندگی سے متعلق سوالات کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کے والد اور وکیل کو بھی طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے 25 جون کو جاری کیے جانے والے فیصلے میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پولیس ٹیم دعا کو لینے لاہور پہنچی تھی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے تھے کہ کیس کی مزید تحقیقات اور میڈیکل بورڈ بنانےکا حکم دے دیتے ہیں، عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے سیکرٹری صحت کو لکھیں گے، سیکرٹری صحت میڈیکل بورڈ سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کریں، بچی کو یہاں لے کر آئیں یا وہاں میڈیکل کرائیں یہ پراسیکیوشن کا مسئلہ ہے۔