شہباز شریف نے کوئی پیغام نہیں بھیجا ، فواد چودھری سرکاری دستاویز دکھائیں : مریم اورنگیزیب

شہباز شریف نے کوئی پیغام نہیں بھیجا ، فواد چودھری سرکاری دستاویز دکھائیں : مریم اورنگیزیب
لاہور : مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کسی کو کوئی پیغام نہیں بھیجا ہے ، فواد چودھری کے پاس کوئی سرکاری دستاویز ہے تو دکھائیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پارلیمان کی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل شہباز شریف کے وزیر اعظم کو پیغام بھیجنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی میدان میں آگئیں ۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چوہدری پروپیگنڈہ مشین ہیں، میٹنگ اسپیکر نے بلائی تھی شہباز شریف کیسے منع کرتے، شہباز شریف نے کسی کو کوئی پیغام نہیں بھیجا۔ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے پاس شہباز شریف یا شہباز شریف کے دفتر کی کوئی سرکاری خط و کتابت ہے تو دکھائیں؟

ترجمان ن لیگ نے سوال کیا کہ کیا عمران صاحب کورونا کی نیشنل پارلیمانی میٹنگ سے شہباز شریف کے کہنے پر چلے گئے تھے؟ قومی اہمیت اور سلامتی کے دیگر معاملات پر عمران صاحب کیا شہباز شریف کے کہنے پر نہیں آئے تھے؟

یاد رہے کہ فواد چوہدری نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں کہا تھا کہ شہباز شریف کی طرف سے اسپیکر قومی اسمبلی کو پیغام گیا تھا کہ اگر وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آئے تو وہ نہیں آئیں گے۔