لیگی رہنما امیر مقام کی گفتگو پر   ترجمان تحریک انصاف  کا ردعمل  

لیگی رہنما امیر مقام کی گفتگو پر   ترجمان تحریک انصاف  کا ردعمل  
کیپشن: Tehreek-e-Insaf spokesperson's response to League leader Amir Muqam's speech

ایک نیوز: ترجمان پاکستان تحریک انصاف  شیخ وقاص اکرم   نے کہا ہے  امیر مقام کی بےسرو پا اور لایعنی گفتگو حقیقت سے نظریں چرانے اور الزام برائے الزام کی نون لیگی سیاست کا شاخسانہ ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے   امیر مقام کی آنکھوں میں بینائی اور سینے میں ضمیر نام کی کوئی شے باقی ہے تو الزامات لگانے سے پہلے زمینی حقائق پر نظر ڈالیں،  پی ٹی آئی  خیبر پختونخوا ہ کے کروڑوں عوام کی نمائندہ اور منتخب سیاسی قوت ہے، تحریک انصاف اور پختونخوا ہ  کے عوام کے مابین رشتہ ان کی امنگوں کی ترجمانی اور پختون روایات کے احترام پر استوار ہے، پختونخوا کے عوام سیاسی طور پر شعور کی بلندیوں پر ہیں اور تحریک انصاف اس شعور کی امین ہے، یہی وجہ ہے کہ سیاسی آزادیوں کے اعتبار سے پختونخوا ہ ملک بھر میں سب سے آگے اور جمہوری روایات کی محفوظ ترین پناہ گاہ ہے ۔  

انہوں نے کہا  امیر مقام بتائیں ان کی رہائشگاہ پر کتنی مرتبہ حملہ کیا گیا یا ان کی چادر و چار دیواری کی حرمت پامال کی گئی، پنجاب میں جہاں امیر مقام کی جماعت اقتدار پر قابض ہے وہاں لاقانونیت کا دور دورہ اور ہر سیاسی کارکن،رہنما کی جان، مال، آبرو خطرے میں ہے، پنجاب  کی طرح  اسلام آباد بھی سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور شہریوں کیلئے نہایت غیرمحفوظ اور مینڈیٹ چوروں کا قلعہ ہے،  پختونخوا گورننس اور پبلک سروس میں سب سے آگے اور واحد صوبہ ہے جہاں عوام کے حقیقی منتخب نمائندے ان کی خدمت میں مصروف ہیں، دہشتگردی اور خطے کی صورتحال کے اثرات کو الگ رکھا جائے تو پختونخوا امن و امان کے حوالے سے دیگر صوبوں سے کہیں آگے ہے ۔  

ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا  کہ  سیاسی انتقام ہمارا شیوہ ہے نہ تحریک انصاف اس پر یقین رکھتی ہے، چنانچہ امیر مقام یا ان کی جماعت پختونخوا میں بےخوف اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، امیر مقام کی جماعت کو عوام کی تائید میسر نہیں تو اس کا سوال شریف خاندان کے اپنے آقاؤں سے پوچھیں، عوام مینڈیٹ چوروں یا نہتے شہریوں پر گولیاں چلانے والوں کو نہیں، اپنے مینڈیٹ کا احترام کرنے والوں کو اپنی تائید و حمایت سے نوازتے ہیں۔