ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئےسیاسی استحکام ضروری ہے:وزیراعظم 

ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئےسیاسی استحکام ضروری ہے:وزیراعظم 
کیپشن: Political stability is essential for national development and prosperity: Prime Minister

ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ملکی خوشحالی اور ترقی کیلئے سیاست میں استحکام لانا ضروری ہے۔  

تفصیلا ت کے مطابق   وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے  ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے  شرکاء کو نئے سال 2025 کی مبارکباد  پیش کی۔  

وزیراعظم نے کہا تمام ارکان نے 2024 کے دوران ملک میں معاشی استحکام کیلئےاہم کردار ادا کیا، سال2025پاکستان کی معاشی ترقی کا سال ثابت ہوگا، 2018کےبعدپہلی مرتبہ مہنگائی4.1فیصد کی کم ترین سطح پر آئی ہے، پانچ ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 34فیصد اضافہ ہوا، ملکی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، زر مبادلہ کےذخائر4ارب ڈالر سے بڑھ کر12ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئے ہیں، پالیسی ریٹ 22فیصد سے کم ہوکر13فیصد پر آگیا ہے، مہنگائی کی شرح مدنظر رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک کےپاس مزید پالیسی ریٹ کم کرنے کی گنجائش ہے،اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلندترین سطح پرہے، اقتصادی اشاریے واضح کررہےہیں کہ 2025معاشی ترقی کا سال ہوگا، ضروری ہے کہ ہم یکسو ہو کر پاکستان کو معاشی ٹائیگر بنائیں، حکومت نے گزشتہ 9 ماہ میں اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کیا، چاول کی برآمد سے ملک کو 4ارب ڈالر کا خطیر زرمبادلہ حاصل ہوا، چینی کی سمگلنگ روکنے اوربرآمد سے 50کروڑ ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا  ہے ۔   

انہوں نے کہا پاکستان نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئےسخت اقدامات کیے، پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ میں بھی خاطر خواہ کمی آئی، وسطی ایشیائی ریاستیں پاکستان کے ساتھ تجارتی اور معاشی روابط بڑھانا چاہتی ہیں، این ایل سی کے ذریعے روس تک سامان کی ترسیل ہو رہی ہے، سعودی عرب،یو اے ای اور قطر کے ساتھ کئی شعبوں میں معاہدے پروان چڑھ رہے ہیں، خلیجی ممالک  کے ساتھ بڑے کاروباری معاہدے بھی ہوئے ہیں، پاکستان کومعاہدوں پر عملدرآمد کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا، خوشحالی اور ترقی کیلئےسیاسی استحکام ضروری ہے، معیشت کی مضبوطی کیلئےبرآمدات کا فروغ ضروری ہے، تیز معاشی ترقی کیلئےبجلی کی قیمتوں میں کمی ضروری ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ٹیکس نظام کی خامیوں اور بدعنوانی کا خاتمہ کر کے ہی محصولات بڑھائے جا سکتے ہیں، حکومت نے اے ڈی آرز کے ذریعے بنکوں سے 72ارب روپے وصول کئے، جدید نظام کی تنصیب اور حکومتی اقدامات سے کاروباری طبقہ مطمئن ہے،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے جوانوں نے امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پارا چنا امن معاہدہ خوش آئند ہے، پارا چنار امن معاہدے کو کامیاب بنانے والے مبارکباد کے مستحق ہیں، پارا چنا ر جیسا دلخراش واقعہ دوبارہ نہیں ہونا  چاہئے۔