ایک نیوز(چودھری اشرف) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے لیے کل سے کیپ ٹاون میں میدان سجے گا۔
میزبان جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے سنچورین ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کر کے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے، پاکستان ٹیم کے آل راونڈر سلمان علی آغا کہتے ہیں کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور جیت کے لیے پرعزم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر شکست دے سکتی ہے۔
پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے کیپ ٹاون پہنچ کر دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاری کے لیے بھرپور پریکٹس سیشن بھی کیا جس میں بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کے سیشن کیے، سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی سکواڈ میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک 29 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے 16 میچز میں جنوبی افریقہ جبکہ 6 میچز میں پاکستان ٹیم کامیاب ہو سکی ہے،دونوں ٹیموں کے درمیان سات ٹیسٹ میچ بے نتیجہ رہے ہیں، کیپ ٹاون میں اب تک کھیلے جانے والے چاروں ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ نے جیت رکھے ہیں۔