ویب ڈیسک:دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ متحدہ عرب امارات کا قرار ، فہرست میں پاکستان کا 94 واں نمبرآیا۔
2024 کی پہلی سہ ماہی میں، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عالمی سطح پر سب سے زیادہ طاقتور پاسپورٹ کا اعزازحاصل کر لیاہے ، پاکستان کا فہرست میں 94 ویں نمبر ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری کر دہ درجہ بندی کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو 180 ممالک میں ویزے کے بغیر رسائی کی سہولت حاصل ہے ، جو اسے دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ بناتا ہے ۔اس کے بعد دوسرے نمبر پر جرمنی، اسپین، فرانس، اٹلی اور ہالینڈ ہیں، ان ممالک کے شہریوں کو 178 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرنے کی آزادی ہے۔ دریں اثنا، سویڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹ تیسرے نمبر پر ہیں، ان ممالک کے مقامی باشندے 177 ممالک کا ویزا فری دورہ کر سکتے ہیں۔
خاص طور پر، ڈنمارک، بیلجیم، پرتگال، پولینڈ، آئرلینڈ اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹ مشترکہ چوتھے نمبر پر ہیں، جو 176 ممالک تک بغیر ویزا کے رسائی کی اجازت دیتا ہے ۔پانچویں نمبر پر سنگاپور، یونان، چیک ریپبلک، برطانیہ، ہنگری، جاپان اور نیوزی لینڈ ہیں،ان ممالک کا پاسپورٹ رکھنے والے 175 ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں ۔
اس کے برعکس پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 47 ممالک میں ویزا فری یا ویزہ آن ارائیول رسائی حاصل ہے، جس کی وجہ سے پاکستان اس فہرست میں 94 ویں پوزیشن پر ہے ۔فہرست میں صومالیہ 95ویں، عراق96ویں، افغانستان 97ویں اور شام 98ویں پوزیشن پر ہے ۔ان کے علاوہ یمن پاکستان سے اوپر 93 ویں، بنگلہ دیش 92 ویں جبکہ لیبیا اور فلسطین 91 ویں پوزیشن پر ہے ۔نئی ریکنگ میں ایران 90 ویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے ۔