اسرائیل کا لبنان میں ڈرون حملہ، حماس رہنما صالح العاروری شہید

Jan 02, 2024 | 23:02 PM

ویب ڈیسک:اسرائیلی فوج نے بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا جس میں حماس کے سینئر رہنما شہید ہوگئے۔
 اسرائیلی ڈرون حملہ جنوبی بیروت میں واقع حماس کے دفتر  پر کیا گیا، حملے کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
لبنانی میڈیا کا کہنا ہےکہ حملے میں حماس کے سینیئر رہنما اور پولیٹیکل آفس کے نائب صالح العاروری دو ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق جس علاقے میں حملہ ہوا ہے وہ حزب اللہ کے زیر اثر ہے اور  وہاں حماس سمیت فلسطینی گروپ بھی سرگرم ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہےکہ حماس رہنما حزب اللہ کے سربراہ  حسن نصراللہ سے ملاقات کرنے والے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق صالح العاروری کا طوفان اقصیٰ کارروائی کے منصوبہ سازوں میں شمار کیا جاتا تھا، صالح العاروری اسرائیل کی ہٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں حملے تیز کر دیے ہیں، رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں، اسپتالوں کے اطراف شدید بمباری سےگزشتہ 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیل نے لڑائی میں طوالت لانے کے لیے ہزاروں فوجیوں کو غزہ سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔ادھر فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے چار دنوں میں 70 سے زیادہ اسرائیلی ٹینک اور فوجی گاڑیاں تباہ، کردیں اور متعدد مورچہ بند اسرائیلی فوجی بھی ہلاک کر دیے۔

مزیدخبریں