غیرشرعی نکاح کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

Jan 02, 2024 | 16:05 PM

ویب ڈیسک: عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ 

سول جج اسلام آباد قدرت اللہ نے جیل ٹرائل کے دوران اڈیالہ جیل میں کیس سماعت کی جس کے دوران سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشری بی بی عدالت میں پیش ہوئیں۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر رضوان عباسی اور اقبال کاکڑ،عمر سجاد بھی پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکلاء صفائی اور ملزمان کو مقدمے کی نقول فراہم کردی گئیں۔ 

ذرائع کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ نے عمران خان اور بشری بی بی پر 10 جنوری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے آج جیل سماعت میں نقول تقسیم کرنے کے بعد 10 جنوری کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

یاد رہے کہ 22 دسمبر کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر شرعی نکاح کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ کی عدالت میں عدم پیشی پر اظہار برہمی کیا تھا۔

اس سے قبل 18 دسمبر کو ہونے والی سماعت پر عدالت نے کیس کا اوپن ٹرائل جیل سمیت کسی بھی محفوظ مقام پر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

اس سے پہلے 15 دسمبر کو عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا تھا کہ آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں۔

11 دسمبر کو عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا۔

اس سے قبل 5 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں خاور مانیکا کے گھریلو ملازم اور کیس کے گواہ محمد لطیف نے بیان قلم بند کرایا تھا۔

جبکہ 28 نومبر کو ہونے والی سماعت میں نکاح خواں مفتی سعید اور عون چوہدری نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

مزیدخبریں