ویب ڈیسک : شمالی وزیرستان کے میر علی بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سےپنجاب سے آئے 6 محنت کش جاں بحق، بازار میں حجام کی دکان چلا رہے تھے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق تمام افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہا ہے۔
آر پی او بنوں ڈویژن نے بتایا کہ میرعلی کے علاقے موسکی میں قریبی کھیتوں سے 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں، لاشوں کی شناخت حجام کے طور پر ہوئی ہے اور ان کا تعلق پنجاب سے ہے۔
آر پی او بنوں ڈویژن کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک کا شناختی کارڈ ہے اور اس کا تعلق ڈی جی خان سے ہے، مزید کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یادرہے کہ 22 دسمبر 2023 کو جنوبی وزیرستان کے علاقے دژہ غونڈئی میں رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زیر تعمیر پولیس تھانے میں کام کرنے والے 5 مزدور جاں بحق ہو گئے تھے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مزدور دژہ غونڈئی میں زیر تعمیر پولیس تھانہ میں کام کر رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا، جاں بحق مزدوروں کا تعلق وزیرستان سے ہے۔