شدید دھند کا راج: پروازیں تاخیر کا شکار، ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر

شدید دھند کا راج: پروازیں تاخیر کا شکار، ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر
کیپشن: Heavy fog rule: Flights delayed, train schedule also affected

ایک نیوز: پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے۔ جس کی وجہ سے موٹرویز تو بند ہی تھیں اب فلائٹ آپریشن اور ٹرینوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہورہا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں شدید دھند کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پہنچنے والی تین پروازوں کو لاہور اور پشاور اتار لیا گیا جب کہ درجن بھر پروازوں کی آمد اور روانگی متاثر ہوئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق حد نظر انتہائی کم ہونے پر شارجہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 182 کی پشاور لینڈنگ کروا لی گئی ہے۔ اسلام اباد سے استنبول، دمام، بحرین گلگت اور لندن پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ 

ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ مسافر ائیرپورٹ آمد سے قبل ایئرلائن سے متعلق آگاہی لیں۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ بحرین، لندن، دمام اور دبئی سے پروازوں کی اسلام آباد آمد میں تاخیر ہوئی۔ 

دھند کے باعث مسافر ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار:

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے۔ جس کی وجہ سے لاہور آنے والی مسافر گاڑیاں بدستور تاخیر کا شکار ہیں۔ 

بتایا گیا ہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی خیبرمیل ایکسپریس ساڑھے پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ اسی طرح کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل پونے 2 گھنٹے لیٹ ہے۔ 

کراچی سے لاہور آںے والی لگژری ٹرین گرین لائن ڈیڑھ گھنٹہ اور تیزگام سوا دو گھنٹےتاخیر کا شکار ہے۔ کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس سوا چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ 

کراچی سے آنے والی کراچی ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ اور ہزارہ ایکسپریس 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ملت ایکسپریس ساڑھے سات گھنٹے جبکہ بہاؤالدین زکریا ایکسپریس پونے چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

کراچی سے آنے والی پاک بزنس ایکسپریس سوا دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ اسی طرح کوئٹہ سے پشاور جانے والے والی جعفر ایکسپریکس دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ کراچی سے براستہ قصور آنے والی فرید ایکسپریس دو گھنٹے لیٹ ہے۔

کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس سات گھنٹے مقررہ وقت سے لیٹ ہے۔ کراچی سے آنے والی رحمان بابا ایکسپریس سوا  تین  گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس سوا چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

مسافر گاڑیاں لیٹ ہونے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔