ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔
سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، اوپنر امام الحق کی جگہ نوجوان صائم ایوب ڈیبیو کریں گے جبکہ شاہین آفریدی کی جگہ ساجد خان کو موقع دیا گیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کے لیے قومی شاہینوں کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ میزبان آسٹریلیا کو سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے سڈنی میں شروع ہوگا۔ پاکستانی شاہینوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے بھرپور پریکٹس سیشن بھی کیے۔
ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ میلبرن ٹیسٹ میں سینئر کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، تاہم ٹیل اینڈرز توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ ان میں سے دو میں پاکستان نے اور پانچ میں میزبان آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان میں ایک ٹیسٹ میچ بے نتیجہ رہا ہے۔