ایک نیوز: جعلی رسیدیں کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج 6 مقدمات اور بشری بی بی کا ایک مقدمے میں ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست ضمانتوں پر سماعت ڈیوٹی جج احمد ارشد محمود نے کی۔
بشری بی بی وکیل خالد یوسف چوہدری، عمیر نیازی اور عثمان گل کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔ عدالت نے بشری بی بی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
ڈیوٹی جج نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر عدالت پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے بشری بی بی کی جعلی رسیدیں کیس میں 16 جنوری تک ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کردی۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری میں 16 جنوری تک توسیع کردی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 16 جنوری ملتوی کر دی۔