ویب ڈیسک:سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)خالد محمود نے کہاہےکہ ٹیم متحدہوتولیڈرکی تبدیلی سےکوئی فرق نہیں پڑتا،ماضی میں ایسی بہت سی مثالیں ہیں،جب کمزورٹیموں نےبھی پاکستان کاپرچم بلندکیا۔
تفصیلات کےمطابق سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)خالدمحمودنےلاہورمیں علیم ڈاراکیڈمی میں پی اینڈٹی جم خانہ کلب کے کھلاڑیوں میں کٹس کی تقسیم تقریب میں شرکت کی۔
سابق سربراہ کرکٹ بورڈکاکہنا تھا کہ آپ اگر ٹیم سے اچھی کارکردگی چاہتے ہیں تو آپ کو مینجمنٹ اور انتظامیہ بہتر بنانا ہوگی، پاکستان میں ہر سطح پر کرکٹ زوال کا شکار ہے جبکہ دوسرے ملکوں میں پروفیشنل ازم کے مطابق کھیل کو چلایا جاتا ہے۔
خالد محمود کامزید کہناتھاکہ پاکستان کرکٹ کی باگ دوڑ اُن لوگوں کے پاس ہے جنہیں کرکٹ کی الف ب کا نہیں پتہ، دورہ آسٹریلیا کی تیاری اس ماحول کے مطابق کرائی جاتی تو رزلٹ بہتر آنے کی توقع کی جاسکتی تھی۔
سابق چیئرمین پی سی بی کاکہناتھاکہ ٹیم متحد ہو تو لیڈر کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ماضی میں ایسی بہت سی مثالیں ملتی ہیں جب عمران خان اور میاں داد کی کپتانی میں کمبی نیشن کے اعتبار سے کمزور ٹیموں نے بھی پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
واضح رہےکہ اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق، سابق آئی سی سی ایلیٹ امپائر علیم ڈار، سابق منیجرپاکستان ٹیم اور پی اینڈ ٹی جم خانہ کے روح رواں اظہر زیدی سمیت پی اینڈ ٹی جم خانہ کلب اور علیم ڈار اکیڈمی کے نوجوان کرکٹرز کی بڑ ی تعداد موجود تھی۔
ٹیم متحد ہو تو لیڈر کی تبدیلی سے فرق نہیں پڑتا،سابق چیئرمین پی سی بی
Jan 02, 2024 | 04:00 AM