ایک نیوز :لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹیز میں وائس چانسلر کی تعیناتی کے بارے میں میرٹ لسٹ کی فراہمی کیلئے درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری سپیشل صحت پنجاب کو نوٹس جاری کرکے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے پروفسیر ڈاکٹر اسد اسلم کی درخواست پر سماعت کی درخواست میں میرٹ پر وائس چانسلرز کا تقرر نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ۔ پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم کے وکیل کے مطابق درخواست گزار سینئر ترین پروفیسر ہے لیکن میرٹ پر آنے کے باوجود کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کا وی سی نہ لگایا گیا۔
وکیل نے بتایا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی میں سیاسی بنیادوں پر وی سی لگا دیا گیا۔ اس لیے وائس چانسلر کی میرٹ لسٹ اور دیگر ضروری دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست مزید سماعت کے لیے جسٹس شجاعت علی خان کو بھجوا دیا اور قرار دیا کہ اس طرح کی دیگر درخواستوں پر فاضل جج پہلے سے سماعت کر رہے ہیں مناسب ہے اس درخواست پر بھی وہی سماعت کریں عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی اور آئندہ سماعت پر تمام 5 یونیورسٹوں کے وی سی کی تقرریوں کی میرٹ لسٹ طلب کر لی. جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اسلم کی درخواست پر پنجاب حکومت سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔