ایک نیوز:متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کیخلاف عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت منظور کرلی ۔ فیصلہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سنایا۔ 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج صبح ہی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اس سے قبل متنازع ٹوئٹ کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کے بیٹے نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف عدم اعتماد کا خط واپس لے لیا تھا۔
اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کی۔
اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ اعظم سواتی کے بیٹے عدالت کے سامنے اپنا مؤقف رکھنا چاہتے ہیں۔
اعظم سواتی کے بیٹنے نے کہا کہ میرے والد نے ایک خط لکھا تھا، عدالت کی اجازت سے خط پڑھنا چاہتا ہوں، جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ خط عدالت کے سامنے موجود ہے، اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے طے کرنا چاہتے ہیں، اس پر لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔
جسٹس عامر فاروق نے مزید کہا کہ خط آجاتا ہے کہ جج جانبدار ہے، اس قسم کے خطوط عدالت عمومی طور پر نہیں دیکھتی۔
بابر اعوان نے کہا کہ عدالت آج ہی اس معاملے کو دیکھ لے، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آج ہی لارجر بینچ کی تشکیل ممکن نہیں ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا اعظم سواتی کے بیٹے سے میں نے درخواست کی ہے وہ یہ خط واپس لے لیں۔
اعظم سواتی کے بیٹے نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد کا خط واپس لے لیا۔