ایک نیوز: مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کا بڑا فیصلہ، لاہور میں سیاسی ٹیم کو سیاسی محاذ پر بھرپور متحرک کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی ہدایت پر گورنر ہاؤس اور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس مال روڈ کو پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خواجہ احمد حسان، رانا مبشر اقبال، عمران نذیز، رانا مشہود اور کھوکھر برادران کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس بیٹھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکنوں اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ان جگہوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نواز شریف نے پنجاب میں اعتماد کے ووٹ سے قبل بھرپور سیاسی سرگرمیاں اختیار کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے سال نو کے آغاز پر اعتماد کا ووٹ یا پھر جنرل انتخابات کی تیاری کے لیے نون لیگ پنجاب کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن نے سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تخت لاہور کی جنگ میں کامیابی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ڈیرے جما لیےہیں۔
تفصیلات کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے لائحہ عمل کو مرتب کرنے کیلئے شہباز شریف نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ڈیرے جما لیے ہیں۔ جہاں انہوں نے پارٹی کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کیں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے رکن صوبائی اسمبلی علاؤالدین شیخ، غلام قاسم ہنجرا، چوہدری عارف علی انصاری اور دیگر نے ملاقاتیں کیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے مشاورت کرے گی۔ اجلاس میں رانا ثنا اللہ ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شامل ہوں گے۔