ایک نیوز: بھارت میں ٹرین پٹری سے اتر گئی، حادثے میں متعدد مسافر زخمی ، متعدد ٹرینوں کا آپریشن متاثر، امدادی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق باندرہ سے جودھپور سوریہ نگری ریل ایکسپریس جودھپور ڈویژن کے راجکیواس-بومادرا سیکشن کے درمیان علی الصبح پٹری سے اتر گئی۔ بھارتی سرکاری ذرائع کے مطابق، ٹرین نمبر 12480، باندرہ -جودھپور سوریہ نگری ایکسپریس کی آٹھ بوگیاں علی الصبح 03:27 بجے جودھپور ڈویژن کے راجکیواس-بومادرا سیکشن کے درمیان پٹری سے اتر گئیں۔ حالانکہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم درجنوں مسافر زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔
جودھ پور سے حادثہ ریلیف ٹرین اور ریلوے کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور امدادی کام جاری ہے۔ سافروں کو منزل تک پہنچانے کے لیے بسوں کا انتظام کیا گیا اور پٹری سے اترنے والی ٹرین کے کچھ محفوظ ڈبوں میں مسافروں کو جودھ پور بھیجا گیا ہے۔ بلاک شدہ روٹ کو صاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔