میکسیکو: جیل پر مسلح افراد کے حملے میں 14 افراد ہلاک

میکسیکو: جیل پر مسلح افراد کے حملے میں 14 افراد ہلاک
کیپشن: Mexico: 14 people were killed in an attack by armed men on a prison(file photo)

ایک نیوز: میکسیکو کے سرحدی شہر واریز (Juarez) کے جیل پر مسلح حملے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹیٹ پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ واریز جیل پر ہونے والے مسلح حملے کے نتیجے میں 10 اہلکاروں سمیت 4 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حملے میں مزید 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے مطابق جیل پر ہونے والے مسلح حملے کے بعد جیل سے 24 قیدی بھی فرار ہو گئے ہیں۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ تاحال واضح نہیں کہ حملہ کس نے کیا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق صبح 7 بجے مسلح گاڑیوں میں سوار حملہ آوروں نے جیل میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی۔

دوسری جانب جیل پر حملے کے کچھ دیر بعد ہی واریز کی میونسپل پولیس کے اہلکاروں پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا تعاقب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کی گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شہر میں ایک اور مسلح حملے کے نتیجے میں دو ڈرائیور بھی ہلاک ہوئے ہیں تاہم ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ تینوں حملوں کے درمیان کوئی باہمی تعلق ہے یا یہ الگ واقعات ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس اگست میں واریز جیل میں قید دو حریف گروہوں کے قیدیوں کے درمیان  ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔