ایک نیوز: الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس لیتے ہوئے مختلف امیدواروں کو جرمانے اور خلاف ورزیوں پر ازخود طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں اور جرمانے عائد کئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 سے آزاد امیدوار نور اسلم آفریدی کو 5 ہزار روپے جرمانہ جبکہ اسی حلقے سے آزاد امیدوار فواد اللہ خان آفریدی کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اسی طرح صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 90 سے اے این پی کے امیدوار یعقوب خان کو 5 ہزار روپے جرمانہ جبکہ اسی حلقے سے آزاد امیدوار جنید اللہ آفریدی کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیموں نے ممنوعہ تشہیری ہورڈنگز اور مواد بھی ہٹائے۔