جعفر خان مندوخیل مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر مقرر

Feb 02, 2023 | 20:35 PM

ایک نیوز :صدر مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم  شہباز شریف نے جعفر خان مندوخیل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کا صدر مقرر کر دیا۔

تفصیلات کےمطابق جعفر خان مندو خیل کو مسلم لیگ ن کے قائد، میاں  نواز شریف نے پارٹی کی مشاورت سے ن لیگ  بلوچستان کا صدر نامزد کیا تھا . جعفر خان مندو خیل نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی.

وزیراعظم نے  جعفر خان مندو خیل کو نئی ذمہ داری پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا. وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ  جعفر مندو خیل بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن)  کو اچھی طرح  منظم کریں گے اور پارٹی کے امور کو بہتر طریقے سے سر انجام دیں گے. 

ملاقات میں سابق وزیراعظم اور رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔

جعفر مندوخیل نے کچھ روز قبل سلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی تھی ،ملاقات کے دوران وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، ڈاکٹر افنان اور دیگر بھی شریک ہوئے، نواز شریف نے جعفر مندوخیل سے ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں بلوچستان کے سیاسی حالات اور عوامی معاملات پر بھی گفتگو کی، مسلم لیگ ن بلوچستان کے پارٹی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے جعفر مندوخیل کو صوبے میں مسلم لیگ ن کو متحرک کرنے کا ٹاسک دے دیاتھا۔

واضح رہے کہ کچھ عرٗصہ قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر کے عہدے پر تقرر کیا گیا ہے۔  وزیر اعظم شہباز شریف نے بطور پارٹی صدر ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق مریم نواز کو نائب صدارت کا عہدہ دینے کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر بھی مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ اب پارٹی کی ہر سطح پر تنظیمِ نو بھی کریں گی۔


مسلم لیگ ن کی سیاسی تاریخ میں مریم نواز شریف وہ پہلی خاتون ہیں جنھیں سینیئر نائب صدر بنایا گیا ہے اور چیف آرگنائزر بھی۔ پاکستان مسلم لیگ ن میں مریم نواز کے علاوہ چار دیگر پارٹی نائب صدور بھی تھے ، جن میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سرتاج عزیز، یعقوب ناصر اور صابر شاہ شامل تھے شاہد خاقان عباسی نے پارٹی سے ناراضی کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔مریم نواز نے پارٹی کا چیف آرگنائزر بنتے ہی پارٹی میں اہم تعیناتیاں شروع کردی ہیں ۔ 

مزیدخبریں