ایک نیوز: تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کرملک چلارہے ہیں۔سب سے پہلے شہباز گل ،پھر اعظم سواتی ، مجھے اور اب شیخ رشید کو گرفتار کر لیاگیا، شاندانہ گلزار پر بھی غداری کا مقدمہ بنا لیا گیا ہے، کون عقل مند ان کو مخالفین پر مقدمات کرنے کامشورہ دے رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان اس وقت تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا، اگر جہلم، میانوالی کا ایم این اے غدار ہے تو بتایا جائے پھر وفادار کون ہے؟، ابھی تک ان سے ملک اور عمران خان منیج نہیں ہو رہا، ہمارا اداروں سے کوئی جھگڑا نہیں نہ جھگڑا ہو سکتا ہے، اداروں سے کہتا ہوں کہ ان کا اتنا بوجھ نہ اٹھائیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ججز نے یا تو جسٹس منیر بننا ہے یا آئین کی حفاظت کرنی ہے، اگر 90 دنوں میں الیکشن نہیں ہو گا تو آئین شکنی ہو گی، دونوں گورنرز اگر الیکشن کی تاریخ نہیں دیتے تو آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوں گے، ہم چاہتے ہیں آئین کے مطابق انتخابات کرائے جائیں، الیکشن کے بعد نئی اپوزیشن نے جنم لینا ہے، بہت سارے ان کے ممبران ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ خواجہ آصف کہتے ہیں عمران خان ملک میں دوبارہ دہشتگردی کو واپس لائے، ہمارے دورمیں تو کوئی دھماکے نہیں ہوئے، پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور میں دہشتگردی پر قابو پایا، ہم 9 مہینوں کے اندر ملک کو ٹیرارزم سے ٹوارزم کی طرف لائے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں ایک طرف مہنگائی اور دوسری جانب دہشت گردی ہے، جب پاکستان کو ضرورت ہے کہ معاملات ٹھیک ہوں اس وقت انتشار کون پھیلا رہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں افغانستان میں انخلا کا مرحلہ چل رہا تھا، عمران خان افغانستان کی قیادت کو سمجھتے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ مسائل کاحل جنگ میں نہیں، بلاول بھٹو زرداری نے 17سے زیادہ امریکاکے دورے کیے اور کابل ایک بار بھی نہیں گئے، شہبازشریف نے افغانستان کے معاملے پر ایک بھی میٹنگ نہیں بلائی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف لندن میں بیٹھ کرملک چلارہے ہیں، اس حکومت کی پالیسی کی سمجھ نہیں آتی کہ یہ چاہتے کیا ہیں، نہ تو ان سے ملک سنبھل رہا ہے اور نہ یہ عمران خان کو سنبھال پارہے ہیں۔