ایک نیوز: شیخوپورہ میں سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے گھر پولیس چھاپے کے خلاف مسلم لیگ ق کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
رپورٹ کے مطابق احتجاجی ریلی کی قیادت سابق مشیر وزیراعلی پنجاب شکیل عطا ورک نے کی ۔ احتجاجی ریلی میں شرکاء نے ٹائروں کو آگ لگائی اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ سابق مشیر وزیراعلی پنجاب شکیل عطا ورک نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان اورپرویز الہی کی قیادت میں متحد ہیں۔امپورٹڈ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی ہے۔کارکنوں اورقیادت کے گھروں میں بلاجواز چھاپے مارے جارہے ہیں۔ہم نااہل حکومت کی غنڈہ گردی کی بھرپورمذمت کرتے ہیں ۔
واضع رہے کہ گجرات میں کنجاہڑی میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔ پولیس کی بھاری نفری نے پرویز الہٰی کے گھر کو گھیرے میں لے لیا تھا۔
پولیس کی جانب سے چوہدری پرویزالہٰی کے گھر کی حفاظت پر مامور ملازمین کو حراست میں لیا گیا تھا۔ پرویزالہٰی کے گھر کی تلاشی کے بعد پولیس واپس چلی گئی تھی۔ پرویز الہیٰ گجرات والے گھر پر موجود نہیں تھے جبکہ مونس الہیٰ ملک سے باہر ہیں۔ پولیس کی جانب سے پرویز الہٰی کے گھر پرچھاپے سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی تردید یا تصدیق کی گئی ہے۔