ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے 43 ارکان کے استعفوں کی منظوری کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے سابق ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، طارق صادق اور نصراللہ خان سمیت دیگر نے درخواست دائر کی۔
درخواست میں الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ استعفوں کی منظوری سے قبل ہی درخواست گزاروں نے اپنے استعفے واپس لے لیے تھے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے استعفے واپس لیے جانے کے باوجود منظور کر لیے۔ الیکشن کمیشن اور سپیکر قومی اسمبلی نے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کیا ہے۔ عدالت استعفوں کی منظوری غیر قانونی قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ضمنی الیکشن کروانے سے روکا جائے۔